زین مدنی : او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے امریکا سمیت 100 سے زائد ممالک میں پاس ورڈ شیئرنگ پر پابندی لگادی۔
نیٹ فلکس کی جانب سے صارفین کو خبردار کیا گیا ہے کہ ان کے اکاؤنٹس گھر کے باہر کسی اور کو نہیں دیے جاسکتے اور ایک اکاؤنٹ ایک گھر میں ہی استعمال کیا جاسکتا ہے۔نیٹ فلکس نے گزشتہ روز کہا کہ وہ 103 ممالک بشمول امریکا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، آسٹریلیا، سنگاپور، میکسیکو اور برازیل میں صارفین کو اکاؤنٹ شیئرنگ سے متعلق ای میلز کر رہا ہے۔اس کے علاوہ کسی اور مقام سے او ٹی ٹی پلیٹ فارم تک رسائی کیلئے اضافی فیس ادا کرنا ہوگی۔
کمپنی نے تخمینہ لگایا تھا کہ 10 کروڑ سے زائد گھرانوں نے اپنے پاسورڈز دوست احباب کے ساتھ شیئر کیے ہوئے ہیں۔مارچ کے اختتام تک نیٹ فلکس کی فیس بھرنے والے صارفین کی تعداد عالمی سطح پر 23 کروڑ 25 لاکھ تھی۔خیال رہے کہ پاس ورڈ شیئرنگ کے خلاف اقدامات کی آزمائش گزشتہ سال سے لاطینی امریکا کے چند ممالک میں کی جا رہی تھی۔فروری میں چند ممالک میں کریک ڈاؤن کا آغاز ہوا اور اب اس کا دائرہ لگ بھگ دنیا بھر میں پھیلا دیا گیا ہے۔