عمران خان کی زندگی کو خطرہ،تھریٹ الرٹ جاری

25 May, 2022 | 09:06 AM

ویب ڈیسک:حکومت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سابق وزیر اعظم عمران خان کے بارے میں تھریٹ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق یہ تھریٹ الرٹ خلاف معمول آئی جی پولیس اسلام آباد کی سیکرٹری وفاقی وزارت داخلہ کی ٹیلی فونک گفتگو کی بنیاد پر مرتب کیا گیا ہے اور بعد ازاں سینئر ایس پی سیکیورٹی ڈویژن اسلام آباد کی طرف سے ایک مراسلہ کی شکل میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جاری کیا گیا ہے۔

یہ مراسلہ عمران خان کے فوکل پرسن برائے سیکیورٹی بنی گالہ، کرنل (ر) عاصم، فوکل پرسنز برائے موومنٹ عمر سلطان احمد خان نیازی اے آئی جی آپریشنز پنجاب پولیس اے آئی جی سپیشل برانچ ایس ایس پی ہیڈکوارٹر سی ٹی ڈی پنجاب ایس ایس پی ہیڈ کوارٹر سی ٹی ڈی خیبر پختوانخوا کمشنر اسلام آباد اور دیگر حکام کو بھیجا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ 20 مئی 2022ء کو شام 4 بجکر 50 منٹ پر آئی جی پولیس اسلام آباد کی سیکرٹری وزارت داخلہ کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں بتایا گیا کہ ایک خفیہ ادارے نے آگاہ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی زندگی کو خطرہ ہے۔

اس حوالے سے مجھے (سینئر ایس پی سیکیورٹی ڈویژن اسلام آباد) کو ہدایت کی گئی کہ ان کو فوری طور پر اس تھریٹ کے بارے میں آگاہ کروں اور آپ کو فوری طور پر عمران خان کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی خاطر اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ جس کے لیے متعلقہ حکام سے معاونت بھی کی جائے۔

ذرائع کے مطابق عمومی طور پر ایسے تھریٹ الرٹ خفیہ اداروں کو ملنے والی رپورٹوں کی بنیاد پر براہ راست تیار کئے جاتے ہیں مگر عمران خان کے بارے میں اس تھریٹ الرٹ کی تیاری میں مروجہ طریقہ کار اختیار نہیں کیا گیا بلکہ معاملہ کی سنگینی کے پیش نظر اس کو فوری طور پر مرتب کیا گیا۔

مزیدخبریں