ڈیتھ، برتھ، طلاق سرٹیفکیٹ، غلط انٹری روکنے کیلئے رولزبن گئے

25 May, 2021 | 09:47 AM

Sughra Afzal

لوئر مال (قیصر کھوکھر) محکمہ بلدیات نے ڈیتھ، برتھ، طلاق اور میرج سرٹیفکیٹس کے رولز بنا دیئے،رولز کی سمری وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو ارسال کردی گئی۔

نئےرولز کے تحت محکمہ بلدیات کو نادرا کے سسٹم پر ڈائریکٹ رسائی حاصل ہو گی، محکمہ نئے اور جدید طریقے سے رجسٹریشن کا عمل شروع کرے گا، جس سے غلط انٹری اور فراڈ کی روک تھام ممکن ہوسکے گی۔ 

دوسری جانب سیکرٹری یوسی کو برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹس کی رجسٹریشن  کا معاملہ تاحال حل نہیں ہوسکا، محکمہ بلدیات کے چیف افسر سیکرٹری بلدیات کے فیصلے میں رکاوٹ بن گئے۔

ذرائع کے مطابق سیکرٹری بلدیات نے سیکرٹری یو سی کو برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹس کی رجسٹریشن کا اختیار دے رکھا ہے۔ محکمہ بلدیات کی جانب سے سیکرٹری یو سی کو گھروں سے بلا کر رجسٹریشن کا کام دیا گیا، جبکہ محکمہ بلدیات کے چیف افسر برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹس کی رجسٹریشن خود کرنے کے خواہاں ہیں۔

علاوہ ازیں سیکرٹری الیکشن کمیشن ڈاکٹر اختر نذیر کی زیر صدارت پنجاب میں جلد بلدیاتی انتخابات کرانے کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری بلدیات نور الامین مینگل، سپیشل سیکرٹری بلدیات ظہور حسین سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ محکمہ بلدیات نے کورونا کے باعث معاملہ این سی او سی سے مل بیٹھ کر حل کرنے کا یقین دلایا۔

مزیدخبریں