جی سی یونیورسٹی کا آن لائن کلاسز شروع کرنیکا فیصلہ

25 May, 2020 | 05:11 PM

Arslan Sheikh

( اکمل سومرو ) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے آن لائن کلاسز کے اجراء کیلئے پالیسی جاری کر دی، یکم جون سے یونیورسٹی کی کلاسز کا آغاز ہو جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے آن لائن کلاسز کیلئے یونیورسٹی نے اپنا لرننگ مینجمنٹ سسٹم تیار کر لیا ہے۔ لرننگ مینجمنٹ سسٹم میں لیکچرز، اسائنمنٹ، گریڈز اور طلباء کی حاضری درج ہوگی۔ پالیسی دستاویز کے مطابق طلباء اپنی اسائنمنٹ آن لائن لرننگ مینجمنٹ سسٹم میں آپ لوڈ کرنے کے پاپند ہوں گے۔

اساتذہ اپنے کورس کی تفصیلات، لیکچرز کی تقسیم، لیکچرز سے متعلق تعلیمی مواد ایل ایم ایس میں اپ لوڈ کریں گے۔ پالیسی کے مطابق طلباء کے سوالات کے جواب دینے کیلئے اساتذہ روزانہ تین گھنٹے آن لائن وقت دینے کے پاپند ہوں گے۔

آن لائن اسیسمنٹ پالیسی میں سمیسٹر ورک اور مڈ ٹرم امتحانات کے 40 فیصد نمبرز مختص کیے گئے ہیں۔ فائنل سمیسٹر امتحانات کیلئے 60 فیصد نمبرز مختص کیے گئے ہیں۔ پالیسی کے تحت اساتذہ طلباء سے اوپن بک اور اوپن انٹرنیٹ امتحانات لینے کے مجاز ہوں گے اور طلباء کی اسائنمنٹ میں چربہ سازی کو ٹرن اٹ ان سافٹ ویئر کے ذریعے چیک کیا جائے گا۔

دوسری جانب یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے تحت آن لائن تجرباتی انٹری ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس ضمن میں یونیورسٹی نے باقاعدہ طور پر پالیسی بھی جاری کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یو ای ٹی کے تحت انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کی بی ایس آنرز ڈگریوں میں داخلوں کیلیے آن لائن امتحان لیا جائے گا تاہم اس امتحان کو دینے کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے لیے تجرباتی ٹیسٹ لیا جائے گا۔

تجرباتی انٹری ٹیسٹ کا انعقاد 6 اور 7 جون کو منعقد ہوگا۔ تجرباتی انٹری ٹیسٹ نئے سسٹم کے تحت آن لائن منعقد ہوگا۔ تجرباتی انٹری ٹیسٹ کا انعقاد ورچوئل یونیورسٹی کے مختص کردہ امتحانی مراکز میں ہوگا۔ تجرباتی ٹیسٹ کا مقصد طلباء کو کمپیوٹر پر ٹیسٹ دینے کی مشق کرانا ہے۔

 یکم جون تک رجسٹرڈ ہونے والے امیدواروں کا ہی انجینئرنگ اداروں میں داخلوں کا تجرباتی انٹری ٹیسٹ لیا جائے گا۔ انٹری ٹیسٹ کیلئے رجسٹرڈ ہونے والے امیدوارو ہی تجرباتی انٹری ٹیسٹ کیلئے اہل ہوں گے۔ یونیورسٹی نے تجرباتی انٹری ٹیسٹ سے متعلق ہدایت نامہ ویب سائٹ پر جاری کر دیا۔

مزیدخبریں