نشتر پارک اسکواش کمپلیکس آئندہ مالی سال بھی مکمل نہیں ہوسکےگا

25 May, 2020 | 11:18 AM

حافظ شہباز علی : نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں 28 سال سےزیر تعمیر اسکواش کمپلیکس آئندہ مالی سال میں بھی مکمل نہیں ہوسکےگا،منصوبےکی تکنیکی جانچ ہوچکی،تاہم آئندہ مالی سال میں سپورٹس کا ترقیاتی بجٹ کم ہونےکےباعث مکمل نہیں ہوسکےگا.
نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں میں زیرتعمیر اسکواش کمپلیکس 28 سال بعد بھی مکمل نہ ہوسکا، آئندہ مالی سال میں بھی منصوبےکےمکمل ہونے کا امکان نہیں، 1992-93 میں شروع ہونے والا اسکواش کمپلیکس مختلف وجوہات کی بناپر تاخیرکا شکار رہا ہے۔
گزشتہ برس صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی کی ہدایت پر زیرتعمیر منصوبےکا تکنیکی جائزہ لیا گیا،تکینکی جائزہ لینےوالی کمیٹی نےمنصوبے کوقابل عمل قرار دے دیا، جس کے بعد اب تک تعمیر ہو نے والی عمارت کو ہی مکمل کیا جائے گا۔
سپورٹس بورڈ پنجاب اورسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی کوشش تھی کہ اس منصوبےکو آئندہ مالی سال میں دوبارہ سے شروع کیا جائےاور ایک سے ڈیڑھ سال میں اسےمکمل کیا جائے، تاہم آئندہ مالی سال میں ترقیاتی بجٹ کم ہونے کے باعث یہ منصوبہ مزید ایک سال کے لئے کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔
ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کےمطابق ہماری کوشش ہےکہ اسکواش کمپلیکس کو جلدمکمل کیا جائے، سپورٹس بورڈ پنجاب حکام کے مطابق موجودہ حالات کے باوجود اسکواش کمپلیکس کا منصوبہ دوسال میں مکمل کرلیا جائےگا.

مزیدخبریں