قانون کے رکھوالے قانون کی دھجیاں بکھیرنے لگے

25 May, 2019 | 08:13 PM

Arslan Sheikh

( علی ساہی ) ایک نہیں دو نہیں تین بھی نہیں بلکہ پورے چار چار سرکاری گھر، سی سی پی او لاہور پولیس کے چار سرکاری گھروں پر قابض نکلے جبکہ چند روز قبل سی سی پی او نے جن افسران کے پاس لاہور میں دو گھر ہیں ان کو ایک خالی کرنے کا حکم دیا تھا۔

سی سی پی او لاہور بشیر احمد ناصر پولیس کے 4 سرکاری گھروں پر قابض نکلے ہیں۔ آئی جی پنجاب کے نوٹس کے باوجود سی سی پی او نے گھر خالی نہیں کئے، سی سی پی او لاہور نے آئی جی پنجاب کا نوٹس بھی نظر انداز کر دیا ہے۔ بشیر احمد ناصر لاہور میں پولیس کی ایم ٹی ورکشاپ میں واقع گھر پر قابض ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق 2 سال قبل ایم ٹی ورکشاپ کا گھر ڈی آئی جی فیصل رانا کو الاٹ ہوا تھا اور ڈی آئی جی فیصل رانا نے آئی جی کو گھر خالی کرانے کیلئے درخواست بھی دی لیکن سی سی پی او نے تاحال گھر خالی نہیں کیا، ترقی کے بعد سی سی پی او بشیر احمد ناصر کو طفیل روڈ پر گھر الاٹ ہوا تھا جس کی تزئین آرائش پر 30 لاکھ روپے ان کی فرمائش پر خرچ کیے گئے لیکن پھر بھی سی سی پی او طفیل روڈ والے گھر منتقل نہیں ہوئے لیکن وہ بھی ان کے قبضے میں ہے۔

سی سی پی او لاہور کے پاس ان کے عہدے کا نامزد گھر ایکمن روڈ پر بھی ہے جس میں انتظامیہ نے بشیر احمد ناصر کو نامزد گھر میں منتقل ہونے کیلئے کہا ہے لیکن وہ جان بوجھ کر منتقل نہیں ہو رہے جبکہ اسلام آباد میں بھی ایک سرکاری گھر ان کے پاس ہے۔  

مزیدخبریں