وزیر تنخواہ کے بغیر کام کر رہے ہیں، معیشت کو پٹڑی پر لانا چیلنج ہے، شہباز شریف

25 Mar, 2024 | 10:44 PM

This browser does not support the video element.

سٹی42: پوری حکومت تنخواہ کے بغیر کام کر رہی ہے۔ کابینہ کے وزیر تنخواہ اور مراعات نہیں لے رہے، معیشت کو پٹڑی پر لانا چیلنج ہے۔ یہ باتیں وزیر اعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر ہاؤس میں پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد  سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے آج پرائم منسٹر ہاؤس میں وزیراعظم سے  ملاقات  کی۔   پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد میں شکیل مسعود، میر ابراہیم ، میاں عامر محمود اور سلطان لاکھانی شامل تھے۔

ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران  بھی موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایسے وقت میں اقتدار سنبھالا ہے جب ملک کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے۔ معیشت کو پٹڑی پر لانا سب سے بڑا چیلنج ہے ۔

حکومت کی معاشی ترجیحات 

وزیراعظم  شہباز شریف نے براڈکاسٹرز کے وفد کو حکومت کی معاشی ترجیحات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ خسارہ زدہ حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری، ادارہ جاتی اصلاحات ، اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری اور کفایت شعاری حکومتی ترجیحات ہیں ۔حکومتی سطح پر اخراجات میں کمی کے لئے کمیٹی بنادی گئی ہے جو جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ 

کابینہ کے ارکان تنخواہ لے رہے ہیں نہ مراعات

وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی سطح پر اخراجات میں کمی کے لئے کمیٹی بنادی گئی ہے جو جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی جو کہ میں خود قوم کے سامنے رکھوں گا۔

ایف بی آڑ کی ڈیجیٹائزیشن

 انہوں نے ٹیکس کلیکشن کے مسائل کے خاتمہ کے حوالے سے اپنی پالیسیوں کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی سو فیصد ڈیجیٹائز یشن کے لئے بین الاقوامی معیار کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں ۔ اچھے ٹیکس دہندگان ، برآمد کنندگان اور خواتین اینٹرپرئنیورز کی حکومتی سطح پر پزیرائی کی جائے گی۔

فیک نیوز کا چیلنج اور میڈیا

 وزیراعظم شہباز نے کہا کہ ذرائع ابلاغ ریاست کا چوتھا ستون ہیں؛  معاشرے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی ذہنی اور فکری تربیت میں الیکٹرانک میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ فیک نیوز ایک بہت بڑا چیلنج ہے جس کی روک تھام میں مین اسٹریم میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ امید ہے کہ ذرائع ابلاغ غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کے ذریعے جمہوریت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

آزادیِ اظہار کا تحفظ

شہباز شریف نے کہا کہ میڈیا نمائندوں کے حقوق کا تحفظ  ریاست کی ذمہ داری ہے۔ الیکٹرانک میڈیا پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کوششوں میں حکومت کا ساتھ دے ۔

پی بی اے کے وفد نے منصب سنبھالنے پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ حکومت آزادیء اظہارِ رائے اور میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔

براڈکاسٹرز کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار 

پی بی اے کے وفد نے منصب سنبھالنے پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لئے  نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں