ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی آج اچانک شیخوپورہ پہنچ گئے، محسن نقوی نے مفت آٹا پوائنٹ اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ بھی کیا.
تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے مفت آٹا پوائنٹ پر آٹا لینے کے لیے آئے شہریوں سے بات چیت کی اور ان میں گھل مل گئے، وزیر اعلیٰ معمر خاتون کا ہاتھ تھام کر خود کاؤنٹر پر لے کر گئے۔ وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور اور ڈی پی او شیخوپورہ زاہد نواز مروت کو آٹا پوائنٹس پر آنے والے شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مفت آٹے کا کوٹہ بڑھایا جا رہا ہے، مستحق افراد کو مفت آٹے سمیت ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں، گراں فروشوں کے خلاف بھی کاروائیاں کی جارہی ہیں۔پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاریوں کے متعلق سوال پر وہ مسکرائے اور کوئی جواب نہ دیا۔
بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچے، علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔ محسن نقوی نے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میں اینجیوپلاسٹی اور ایم آر کی سہولت فوری فراہم کرنے کے احکامات دیے۔