(زاہد چوہدری)سروسز ہسپتال میں علاج معالجہ بد ترین انحطاط کا شکار، 2 ماہ سے ایمرجنسی سمیت ان ڈور اور آئوٹ ڈور میں ایکسرے اور سی ٹی سکین کی فلمیں تک دستیاب نہیں ، مریض موبائل سے تصاویر اتارنے پر مجبور ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سروسز ہسپتال میں علاج معالجہ کی فرا ہمی انحطاط پذیر ہے ۔ دو ماہ سے سروسز ہسپتال میں ایمرجنسی سمیت ان ڈور اور آئوٹ ڈور میں ایکسرے فلمیں تک میسر نہیں ہیں ۔ ایکسرے فلمیں میسر نہ ہونے سے مریضوں کو ایکسرے اور سی ٹی سکین ٹیسٹ کی مانیٹر سے تصاویر اتار کر ڈاکٹر کو دکھانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
ایکسرے فلم نہ ہونے کے باعث ڈاکٹروں کو مریضوں کے امراض کی تشخیص میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،دو ماہ بعد بھی ہسپتال انتظامیہ ایکسرے فلم کی دستیابی ممکن نہیں بنا سکی ہے۔