کنگنا رناوت بڑی مشکل میں پھنس گئیں

25 Mar, 2022 | 07:39 PM

Imran Fayyaz

(ویب ڈیسک)ممبئی  کی ایک عدالت  نے بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی معروف نغمہ نگار جاوید اختر کی جانب سے دائر کیے گئے ہتک عزت کیس  میں حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی ۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق میٹروپولیٹن مجسٹریٹ آر آر خان نے  اپنے ریمارکس میں کہا کہ  اگرچہ کنگنا رناوت ایک مشہور شخصیت ہیں لیکن اس کیس میں ملزمہ بھی ہیں۔
عدالتی حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزم اس ٹرائل کے لیے اپنی مرضی  کی شرائط طے کر رہا ہے، ملزم مستقل استثنیٰ کا دعویٰ نہیں کر سکتا۔ ملزم کو قانون کے قائم کردہ طریق کار اور اپنے ضمانتی بانڈز کی شرائط و ضوابط پر عمل کرنا ہوگا، آج تک ملزمہ اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کے ٹرائل کے لیے عدالت کے ساتھ تعاون کرنے کے ارادے سے پیش نہیں ہوئیں۔
جاوید اختر نے نومبر 2020 میں عدالت میں کنگنا کے خلاف شکایت درج کرائی تھی جس میں دعویٰ کیا تھا کہ اداکارہ نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں ان کے خلاف ہتک آمیز بیانات دیے جس سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔
جاوید اختر نے کہا کہ کنگنا نے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد بالی وڈ میں موجود ایک گروہ کا ذکر کرتے ہوئے ان کا نام لیا۔ اس کے بعد کنگنا نے اسی عدالت میں جاوید اختر کے خلاف مبینہ طور پر بھتہ خوری اور مجرمانہ دھمکی کی شکایت بھی دائر کی تھی۔

مزیدخبریں