پنجاب حکومت کا کل مقامی تعطیل کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری

25 Mar, 2022 | 03:49 PM

(قیصر کھوکھر)صوفیانہ کلام کے ذریعے احترام انسانیت کا درس دینے والے صوفی بزرگ حضرت مادھو لعل حسین شاہ رحمتہ اللہ علیہ کا سالانہ عرس کل منایا جائے ، زائرین دھمال ڈال کر عقیدت کا اظہار کریں گے۔

 شاہ حسین لاہوری 1539ء میں ٹیکسالی دروازے لاہور میں پیدا ہوئے، ان کے والد کا نام شیخ عثمان تھا جو کپڑا بننے کا کام کرتے تھے،مادھولعل حسین کا خاندانی نام ڈھاڈھا حسین تھا، ڈھاڈھا پنجاب کے راجپوتوں کی ایک ذات ہے، شاہ حسین پنجابی زبان و ادب میں کافی کی صنف کے موجد ہیں، وہ پنجابی کے اولین شاعر تھے جنہوں نے ہجر و فراق کی کیفیات کے اظہار کے لیے عورت کی پرتاثیر زبان استعمال کی۔

 حضرت شاہ حسین المعروف مادھو لعل حسین رحمتہ اللہ علیہ کے سالانہ عرس کو عرس تقریبات کو"میلہ چراغاں" کے نام سے منسوب کیا جاتا ہے، حکومت پنجاب نے میلہ چراغاں مادھو لعل حسین کے عرس کے موقع پر مقامی چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، کل ہفتہ کے روز لاہور میں مقامی چھٹی ہوگی، تعلیمی ادارے اور ضلعی دفاتر بند رہیں گے، تاہم ڈویژنل دفاتر کھلیں رہیں گے، شالیمار باغ کے قریب باغبانپورہ میں واقع حضرت مادھو لعل حسین شاہ  رحمتہ اللہ علیہ کے مزار پر عقیدت مندوں کی بڑی تعداد حاضری دے گی۔

مزیدخبریں