پی سی بی کا ورلڈ کپ 1992 کی سالگرہ منانے کا اعلان

25 Mar, 2022 | 11:29 AM

Sughra Afzal

(حافظ شہباز علی) پاکستان کرکٹ بورڈ ورلڈکپ 1992 کی کامیابی کی سالگرہ بھرپور جوش و خروش سے منائے گا، ورلڈکپ 1992 کی ٹرافی قذافی سٹیڈیم میں رکھی جائے گی۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق 25 مارچ کی مناسبت سے ورلڈکپ 1992 کی ٹرافی پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز قذافی سٹیڈیم میں رکھی جائے گی،  انکلیوژرز میں بیٹھے ہوئے شائقین کرکٹ ٹرافی کے ہمراہ سیلفیز اور تصاویر بنواسکیں گے۔ورلڈکپ 1992 کی ٹرافی کل پاکستان اور آسٹریلیا کے ڈریسنگ روم میں بھی جائے گی۔

پی سی بی ورلڈکپ 1992 کے فائنل کی تصویری جھلکیوں پر مشتمل سلائیڈ شو بھی جاری کرے گا، 25 مارچ 1992 کو پاکستان نے عمران خان کی قیادت میں میلبورن میں انگلینڈ کو شکست دے کر ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا ، موجودہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ بھی ورلڈکپ جیتنے والے سکواڈ کا حصہ تھے ۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ ویمن ونگ نے ویمن کرکٹ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر  مستقبل کے حوالے سے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کرلیا ، ٹیم کی ناقص کارکردگی پر کوچ ، کپتان اور منیجر سے الگ الگ تحریری رپورٹس طلب کرلی گئی ہیں ۔

کپتان بسمہ معروف کے رویے کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا ،کپتان بسمہ معروف بیٹی کے ساتھ ہونے کے باعث بھی کھیل پر پوری توجہ نہیں دے پارہیں جس کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

 

مزیدخبریں