(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی کیونکہ اپوزیشن کے نمبر گیم پورے ہیں،عوام کو اس نظام سے چھٹکارہ دلائیں گے، ملک کی موجودہ معاشی صورت حال نے سخت رنجیدہ کیا ۔
قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے لندن میں بلوچستان اسمبلی کے سابق رکن سنتوش کمار بگٹی نے ملاقات کی،دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ تحریک عدم اعتمادکی کامیابی یقینی ہے، کھوکھلے نعروں اور اعلانوں نے ملک کی معاشی صورت حال کو زبوں حالی کا شکار کر دیا، مہنگائی اور بے روزگاری نے عام آدمی کا جینا محال کر رکھا ہے، ہم نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ مستحکم پاکستان کے لیے پرامن اور خوشحال بلوچستان ناگزیر ہے، یہاں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل ہوناچاہے اور اس کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنے دور اقتدار میں واضح پالیسیاں مرتب کیں۔
انہوں نےکہا کہ جلد وطن واپس آنا چاہتا ہوں، ڈاکٹروں نے اجازت دی تو اگلی فلائٹ سے پاکستان پہنچ جاؤں گا۔بلوچستان سمیت ملک بھر میں موجود اقلیتیں ہمیشہ سے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی رہی ہیں اور ہماری کوشش رہی ہےکہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں۔
اس موقع پر سنتوش کمار بگٹی نے نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن ہمیشہ سے اہل بلوچستان کی امنگوں کا محور رہی ہے،بلوچستان کے عوام اس نااہل نظام سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب دیکھ رہے ہیں اور پارٹی کی ہر جدوجہد میں صف اول کا کردار اداکرنےکے لیے تیار ہیں۔
سنتوش کمار بگٹی نے کاوے موسوی کی رپورٹ پر نواز شریف کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ نے ایک بار پھر انہیں سرخرو کر دیا ہے اور نواز شریف اور ان کے خاندان کے شفاف کردار پر تصدیق کی مہر ثبت کر دی ہے۔