سٹی 42: مریم نوازکی کل نیب لاہور میں پیشی ملتوی کردی گئی، مفاد عامہ کےپیش نظرمریم نواز کی پیشی ملتوی کی گئی۔نئی تاریخ کا اعلان مناسب وقت پر کیاجائے گا۔
ترجمان نیب کے مطابق نیب اعلی سطحی اجلاس میں مریم نواز کی کل مورخہ 26 مارچ کو ہونیوالی پیشی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (NCOC) کی جانب سے ملک میں کرونا وباء کی تیسری اور شدید لہر کے حوالے سے جاری حالیہ ہدایات کا بغور جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ این سی او سی کی جانب سے ہر نوعیت کے ہجوم اکٹھا کرنے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ مریم نواز کو اس سے قبل بھی پیشی کے لئے طلب کیا گیا تھا او ر اس موقع پر نیب لاہور کی عمارت پر دانستہ شدید پتھراؤ کا مظاہرہ کیا گیا جو نیب کی تفتیش میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے جبکہ ملزمان کیخلاف اس غیر قانونی برتاؤ کی ایف آئی آر بھی متعلقہ تھانہ میں درج ہے۔
نیب قانون کی شق 31 (a) کی رو سے نیب کی تحقیقات میں عدم تعاون کا مظاہرہ کرنے، رخنہ ڈالنے یا گمراہ کرنے کی صورت میں دس (10) سال تک قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ان قانونی اختیارات کے باو جود نیب کی جانب سے تاحال انتہائی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ ترجمان ذیشان انور کے مطابق نیب لاہور نے مریم نواز کو دوسری مرتبہ مورخہ26مارچ کو نیب تفتیشی ٹیموں کے روبروپیش ہونے کیلئے نوٹسز ارسال کئے تاہم این سی او سی کی ہدایات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اور مفادِ عامہ کے پیشِ نظر نیب کی جانب سے یہ اصولی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملزمہ مریم نواز کی نیب لاہور میں کل کی پیشی ملتوی کر دی گئی ہے اگرچہ نئی تاریخ کا اعلان بعدازاں مناسب وقت پر کر دیا جائے گا۔
اس موقع پر نیب اجلاس میں انتظامیہ کو فی الفور تمام سکیورٹی اقدامات واپس ختم کرنے کی ہدایات جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق نیب کیجانب سے ایک مرتبہ پھر واضح کیا گیا ہے کہ نیب ایسے تمام اقدامات کی سختی سے نفی کرتا ہے جن میں مبینہ طور پر قومی ادارہ کو کسی دباؤ میں لانے کے لئے مختلف حربوں کا استعمال کیا جائے۔ نیب انسدادِ بدعنوانی کا متعبر قومی ادارہ ہے جس کا کسی بھی سیاسی گروہ یا جماعت سے کسی قسم کا تعلق نہیں بلکہ نیب کی وابستگی صرف اور صرف ریاست ِپاکستان اور پاکستان کی عوام سے ہے۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جتنا نیب نے انتقام لینا تھا وہ لے چکا، نیب کیلئےآسان شکارنہیں بنوں گی، اب ظلم کے مٹنے کے دن آگئے ہیں،نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کا ایک ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے، اعظم نذیرتارڑسینیٹ میں اپوزیشن لیڈرہوں گے۔ پی ڈی ایم اجلاس میں اپوزیشن لیڈرسینیٹ کافیصلہ ہواتھا، نیب کومخالفین کیخلاف انتقام لینےکیلئےاستعمال کیاجاتاہے۔
کہا گیا مریم نواز اپنی ضمانت کا غلط استعمال کررہی ہیں، سیاسی الزام لگایا گیا کہ مریم نواز اداروں کیخلاف بات کرتی ہیں،میں نیب اورجیلوں سے نہیں ڈرتی، ابھی تک ایک ہی سلیکٹڈ ہے اوراس کانام عمران خان ہے،عمران خان آج عوام کےسامنے جانےسےڈررہےہیں۔