(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد کے شکرپڑیاں گراؤنڈ میں یومِ پاکستان کی مناسبت سے مسلح افواج کی جانب سے شاندار پریڈ اور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں تینوں مسلح افواج کے دستوں اور جوانوں نے دفاعی اور فوجی قیادت کا بھرپور مظاہرہ کیا، پریڈ کی تھیم ایک قوم اور ایک منزل مختلف رنگوں میں نظر آیا۔
تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر دفاع پرویز خٹک، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف آرمی سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ ، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی، وائس چیف آف ایئر سٹاف ایئر مارشل سید نعمان علی شریک ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان نے قرنطینہ کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہیں کی۔ پریڈ سے پہلے قومی ترانہ پڑھا گیا اور دھن بجائی گئی، جے ایف تھنڈر سمیت مختلف طیاروں نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔
یوم پاکستان پریڈ میں پاکستان آرمی کیساتھ فلسطین، ترکی، سری لنکا اور بحرین کے پیرا ٹروپرز نے بھی فن کا مظاہرہ کیا، ترکی کے طیارے سولو ترک نے بھی شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا، مہمان پائلٹ نے پاکستان سے محبت کا والہانہ انداز میں اظہار کیا، پائلٹ نے طیارے کے اندر سے پاک ترک دوستی کے نعرے لگائے، ترک کمنٹیٹرنے اردو میں کمنٹری کی، اقبال کے شعر بھی پڑھے۔
یوم پاکستان پریڈ کی تقریب میں ترک جان نثار بینڈ نے سلامی پیش کی، بینڈ نے دل دل پاکستان ، جان جان پاکستان کی دھن بجاکر حاضرین کے دل موہ لئے، پریڈ میں سلطنت عثمانیہ کے پہلے سلطان ارطغرل غازی ک وخراج تحسین بھی پیش کیا۔
تقریب میں مختلف فلوٹس پر پاکستان کے تشخص کی احسن انداز میں عکاسی کی گئی اور ڈھول پارٹی نے مختلف دھنوں سے تمام علاقوں کی نمائندگی کی جب کہ خواتین ڈھولچی ڈھول پارٹی کا اہم حصہ تھیں۔