سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری

25 Mar, 2021 | 02:32 PM

Sughra Afzal

(قیصر کھوکھر) ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب ارم بخاری کی زیرِ صدارت صوبائی بینوولیٹ فنڈ بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری بینوولیٹ فنڈ فنانشل ایڈوائزر اور پی آئی ٹی بی کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں افسران و آفیشل ملازمین کے بینوولیٹ فنڈ کے قوانین کا جائزہ لیا گیا، محکمہ کی جانب سے فیئر ویل گرانٹ، دوران سروس انتقال، سکالر شپ اور میرج گرانٹ کے میکانزم پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو بریفنگ دی گئی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ارم بخاری نے ہدایت کی کہ فیئر ویل گرانٹ ریٹائرمنٹ کے وقت ہی ریٹائر ہونیوالے ملازمین کو ادا کی جائے، قانون میں ترمیم کے بعد ملازمین ریٹائرمنٹ سے ایک سال قبل فیئر ویل گرانٹ کیلئے اپلائی کر سکیں گے تاکہ یہ گرانٹ ریٹائرمنٹ کے وقت ہی ملازم کو ادا کر دی جائے۔

 اس کار خیر کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے محکمہ کو موجودہ سال ریٹائر ہونیوالے ملازمین کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کی بھی ہدایت کی۔

 ارم بخاری کا کہنا تھاکہ ریٹائرڈ ملازمین کو دفتروں کے چکر لگانےسے بچانے کیلئے آن لائن سسٹم جلد متعارف کروا دیا جائے گا، بینوولیٹ فنڈ پورٹل پر صارفین کو رسائی دینے کیلئے اگلے ماہ کی ڈیڈ لائن دی ہے، اپریل کے آخر تک درخواستین آن لائن وصول کی جائیں گی، بینوولیٹ فنڈ کو دوسرے اداروں کے ساتھ آٹومیشن کے ذریعے منسلک کیا جائےگا، بینوولیٹ فنڈ آن لائن موصول ہونیوالی درخواستیں جانچ کے بعد متعلقہ محکمے کو بھیجے گا۔ 

انکا کہنا تھا کہ ادارےکی ڈیجیٹلائزیشن سے شفافیت اور ٹرانسپرنسی کو فروغ ملے گا۔

واضح رہےکہ اس سے قبل ریٹائر ہونیوالے ملازمین ریٹائرمنٹ کے بعد تین سال کے اندر فیئر ویل گرانٹ کیلئے اپلائی کرتے تھے۔

مزیدخبریں