(سعود بٹ) حکومت پنجاب تعمیراتی انڈسٹری میں مزید مہنگائی کرنے کو تیار،ریت کے ٹھیکوں کا اختیار محکمہ مائنز سے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کو منتقل کرنے کی سفارشات تیار کر لی گئیں جس کے تحت اب عام ریت کے نرخ کا بھی تعین ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے تعمیراتی انڈسٹری میں مزید مہنگائی کرنے کو تیار ی کر لی۔ریت کے ٹھیکوں کا اختیار محکمہ مائنز سے ضلعی انتظامیہ کو منتقل کرنےکی سفارشات تیار کر لی گئیں،ریت نکالنے کیلئے ٹھیکے، فی میٹرک ٹن ریٹ اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات ڈی سی پرائس کنٹرول کمیٹی کے سپرد کرنے کی سفارش تیار کی گئی۔
سمری کے مطابق ریت کو " پنجاب اسینشیئل آرٹیکل کنٹرول ایکٹ 1973" کے تحت ضروری اجناس کی لسٹ میں شامل کیاجائے گا۔ ڈپٹی کمشنرز پرائس کنٹرول کمیٹی قوانین کے تحت ریت کے نرخوں کا تعین کرینگے۔وزیراعلی نے محکمہ مائنز، انڈسٹریز اور لیبر کے وزراء پر محیط کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے۔ محکمہ کا کہناہے کہ ریت نکالنے کیلئے ٹھیکیدار مافیا صرف محکمہ مائنزکے ٹھیکوں کے فیس ادا کرتا ہے۔ ریت نکالنے کیلئے دریا میں بنائے جانے والے راستے، پانی کا استعمال اور ٹرانسپورٹ چارجز کے مسائل پر قابو پانے کیلئے قانون سازی ضروری ہے۔