(جنید ریاض) محکمہ سپیشل ایجوکیشن میں میرٹ کے برعکس تعیناتیوں کا معاملہ، لاہور سمیت متعدد اضلاع میں حکومتی پالیسی کے برعکس سینئر افسران جونیئر کے ماتحت کام کرنے پر مجبور۔ خصوصی تعلیمی اداروں کے انتظامی معاملات بری طرح بحران کا شکار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ اسپیشل ایجوکیشن پنجاب میں میرٹ پالیسی کے برعکس سینئرافسران کو جونیئر کے ماتحت کام کرنے پرمجبورہیں ،میرٹ کی پامالی کے باعث انتظامی معاملات بری طرح متاثرہورہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور، ملتان اور ڈی جی خان ڈویژن میں گریڈ 17 کے افسران بطور ڈی او سپیشل ایجوکشن تعینات کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ ڈی اوز کے ماتحت سکیل 18 اور سکیل 19 کے اعلیٰ افسران فرائض ادا کر رہے ہیں۔
ڈسڑکٹ سپیشل ایجوکیشن افسر کی پوسٹ گریڈ 18 کی ہے۔ سپیشل ایجوکیشن کے زیادہ تر اداروں میں گریڈ 19 کے پرنسپل کام کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پسند ناپسند پالیسی کے تحت ڈی او سپیشل ایجوکیشن کی پوسٹ پر گریڈ 17 کے افسران تعینات کر رکھے ہیں۔ لاہور کے بیس سپیشل ایجوکیشن کے ادارے ہیں جن میں زیادہ تر سکیل 18 اور سکیل 19 کے پرنسپل تعینات ہیں۔ڈی او اسپیشل ایجوکیشن لاہور بھی سکیل 17 کے افسرہیں جبکہ ملتان اور ڈی جی خان ڈویژن میں بھی سکیل 17 کے میاں ماجد اور امبرین بی بی بطور ڈی او اسپیشل ایجوکیشن تعینات ہیں۔جونیئر افسران کی سینئر عہدوں پر تعیناتی سے ملازمین اضطراب کا شکار ہیں۔