لاک ٹائون میں شادی کرنا مہنگی پڑ گئی،دولہا سہرا سجائے حوالات بند

25 Mar, 2020 | 02:39 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42:پولیس نے لاک ڈاؤن کے باوجود شادی کرنے پر دولہا کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق  پنجاب کے شہر مظفر گڑھ کے علاقے سنانواں میں لاک ڈاؤن کے دوران دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود شادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی اطلاع ملنے پر کارروائی کی گئی۔پولیس کے مطابق لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر دولہا اور اس کے والد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ دونوں افراد سمیت شادی کے دیگر منتظمین کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے دیگر صوبوں کی طرح پنجاب میں بھی 14 روز کے لیے لاک ڈاؤن کیا گیا ہے اور پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر متعدد افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

 یاد رہے پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 7 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 1039 ہوگئی۔ملک میں کورونا وائرس سے اب تک خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، گلگت بلتستان، سندھ اور پنجاب میں ایک ایک ہلاکت ہوگئی۔مہلک وائرس سے اب تک 20 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 4 کا گلگت بلتستان اور 2 کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔ملک بھر میں لاک ڈائون ہے،چھوٹے بڑے شہروں، پاک فوج،پولیس کے دستے تعینات ہیں۔
 

مزیدخبریں