عابد چودھری : شاہدرہ میں ایل پی جی ٹینکر الٹنےکے بعد زور دار دھماکےسے پھٹ گیا،،آتشزدگی کےباعث ٹریفک وارڈن سمیت دس افراد جھلس گئے،موقع پر کھڑی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بھی جل گئیں۔
پولیس کےمطابق شاہدرہ موڑ پر ایل پی جی ٹینکر کا ٹائر برسٹ ہوا جس کے باعث ٹینکر الٹ گیا اور پھر زور دار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی،موقع پر موجود افراد نےبھاگ کر اپنی جانیں بچائیں اوراپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں مصروف رہے،آتشزدگی کی اطلاع پر ریسکیو اور فائربرگیڈ کی ٹیمیں بھی موقع پرپہنچ گئیں،جنہوں نے دو گھنٹے بعد آگ پر قابو پا لیا،،امدادی کارروائیوں میں ریسکیو کے56 اہلکاروں نے حصہ لی۔
جبکہ آتشزدگی کے باعث پارکنگ میں کھڑے تمام رکشے،گاڑیاں اورموٹرسائیکلیں جل گئیں،ریسکیو نےجھلسنے والے تمام افراد کو طبی امداد کےلیےمیو ہسپتال منتقل کردیا،جہاں سی ٹی او سید حماد عابد بھی زخمی ٹریفک وارڈن کی عیادت کرنے پہنچ گئے، پولیس نےعلاقے کو بند کر کے کارروائی شروع کردی ہے،جھلسنے والوں میں سے چار افراد کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔