( قیصر کھوکھر ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا سول سیکرٹریٹ میں مختلف دفاتر کا اچانک دورہ، وزیراعلیٰ نے محکمہ ہائر ایجوکیشن میں ایڈیشنل سیکرٹری، ڈپٹی سیکرٹریز اور سیکشن آفیسرز کے دفاتر کا معائنہ بھی کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ ہائر ایجوکیشن میں کام کے سلسلے میں آئے لوگوں اور خواتین سے مسائل پوچھے۔ ایک ٹیچر کی بار بار چکر لگوانے کی شکایت پر انہوں نے ہدایت کی کہ لیڈی ٹیچر کا مسئلہ قواعد و ضوابط کے مطابق فوری حل کیا جائے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ لیڈی ٹیچر کو باربار دفاتر کے چکر لگوانا درست نہیں، وزیراعلیٰ نے مختلف شعبوں میں کام کرنیوالے اہلکاروں کے مسائل بھی سنے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آپ سب کو سروس ڈلیوری کو بہتر بنانا ہے، کام کیلئے آنیوالے اساتذہ کو پوری عزت و احترام ملنا چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے برآمدوں میں صفائی کی خراب صورتحال اور پان کے نشان دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایک ڈپٹی سیکرٹری کے کمرے میں فائلوں پر گرد و غبار اور بے ترتیبی دیکھ کر عملے کی سرزنش کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ ہائر ایجوکیشن کی یونیورسٹی برانچ اور کالج برانچ کو الگ الگ ہونا چاہیے، انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں ہر جگہ جاؤں گا، عوام کو بہتر سروس ڈلیوری دی جائے گی۔ ہمارے کام بولیں گے اور عوام کو تبدیلی نظر آئے گی۔