عمران یونس: لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی انتظامیہ نے طالبات اور ٹیچرز کو ہراساں کرنے کے عادی اہلکار کو ملازمت سے برطرف کردیا۔
فیکلٹی ممبرز اور طالبات نے خاکروب خرم شہزاد کے بار بار ہراساں کرنے اور مس کنڈکٹ کی شکایت کی تھی۔
لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے خاکروب خرم شہزاد کیخلاف کئی فیکلٹی ممبرز اور طالبات نے شکایت کی تھی جس پر معاملہ ہراسمنٹ کمیٹی اور پیڈا انکوائری کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔
کمیٹیوں نے طے شدہ قواعد کے تحت سماعت کی۔ فریقین کو سنا اور مجرم کو اپنے دفاع کا پورا موقع فراہم کیا۔ کمیٹیوں کی سفارش پر انتظامیہ نے برطرفی کی سزا سنائی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شگفتہ ناز نے کہا ہے کہ ہراسمنٹ کے معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔خواتین کو کام کرنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا اور ہر فرد کے وقار کو یقینی بنانا لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے وژن کا بنیادی جزو ہے