سٹی42: اداکارہ زینب جمیل پر قاتلانہ حملہ کروانے والا اس کا شوہر اب بھی آزاد گھوم رہا ہے۔ اداکارہ زینب جمیل نے نیوز کانفرنس کر کے وزیر اعلیٰ مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کو انصاف دیا جائے۔
اداکارہ زینب جمیل نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ان کے شوہر نے ان کے ذاتی ڈائیور کو اپنا آلہ کار بنا کر ان پر قاتلانہ حملہ کروایا۔ ڈرائیور پیسوں کی خاطر مخبری کرتا رہا۔
اداکارہ زینب جمیل پر گزشتہ ماہ ان کے بیوٹی پارلر کے دروازے پر ان کی کار کے اندر گولیاں چلائی گئی تھیں۔ انہیں چھ گولیاں لگیں لیکن خوش قسمتی سے وہ بروقت ہسپتال پہنچ گئیں اور ڈاکٹروں نے سرجری کر کے ان کی زندگی بچا لی۔
اداکارہ زینب جمیل نے بتایا کہ وہ اداکارہ چھوڑ کر آج کل صرف بیوٹی پارلر چلا رہی تھیں۔ شوہر پہلے ظلم و ستم کرتا رہا اور بعد میں قاتلانہ حملہ کروا دیا ۔
زینب جمیل نے بتایا کہ ان کے پاس ثبوت بھی موجود ہیں کہ حملہ ان کے شوہر نے کروایا تھا۔ پولیس ان کے شوہر کے ساتھ ملی ہوئی ہے، اسے گرفتار کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ کو خود نوٹس لینا پڑے گا۔
زینب جمیل نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے یکم جون کو ہی زینب جمیل پر قاتلانہ حملہ کا نوٹس لے کر ان کے شوہر کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔ اب ساڑھے تین ہفتے گزرنے کے بعد بھی زینب جمیل کو انصاف کے حصول کیلئے مریم نواز سے مداخلت کرنے کی درخواست کرنا پڑ رہی ہے۔
یکم جون کو مریم نواز نے انسٹاگرام پر زینب جمیل کی پوسٹ کی ہوئی اسٹوری پڑھنے کے بعد زینب جیمل پر قاتلانہ حملے سے متعلق اپنا بیان جاری کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا تھا، ’میں نے ڈی آئی جی آپریشن کو بغیر کسی تاخیر کے زینب جمیل پر قاتلانہ حملے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔‘ انہوں نے لکھا کہ ’خواتین کے خلاف جرائم سے سختی اور تیزی سے نمٹا جا رہا ہے۔‘
وزیراعلیٰ مریم نواز کی خواتین پر تشدد کے جرائم سے سختی کے ساتھ نمٹنے کی پالیسی اپنی جگہ لیکن یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ اداکارہ زینب جمیل کو اب تک انصاف نہیں مل پایا۔