ہالی ووڈ معروف اداکار تمایو پیری شارک حملے میں ہلاک

25 Jun, 2024 | 11:32 AM

(ویب ڈیسک) مشہور ہالی ووڈ فلم سیریز پائریٹس آف دی کیریبین کے نامور اداکار تمایو پیری شارک حملے میں جان کی بازی ہار گئے۔

 غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب تمایو پیری ہوائی کے شمالی ساحل پر سرفنگ کر رہے تھے، اس دوران اچانک ان پر شارک نے حملہ کردیا، اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں ساحل پر پہنچ گئیں۔

 حکام کے مطابق تمایو پیری کو ساحل پر لایا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے، آنجہانی اداکار خود بھی لائف گارڈ سروسز میں کام کرتے تھے، ایمرجنسی سروسز ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار نے بتایا کہ اداکار کے جسم پر شارک کے متعدد بار کاٹنے کے نشانات موجود تھے۔

 اداکار تمایو پیری کے کیریئر میں ہالی ووڈ کی متعدد کامیاب فلمیں شامل ہیں، جن میں پائریٹس آف دی کیریبین اور بلیو کرش نمایاں ہیں۔
 

مزیدخبریں