ویب ڈیسک; پاکستان میں تجارت سے وابستہ داؤد فیملی کے دو افراد کی آبدوز ٹائٹن حادثہ اور یونان میں سینکڑوں افراد کی اموات پر پاکستانی شوبز فنکاروں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ممتاز صنعتکار شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان کی ناگہانی موت پر صبا قمر، ماورا حسین، احمد علی بٹ اور فریحہ الطاف نے سوشل میڈیا پر اپنے تاثرات لکھے ہیں۔
صبا قمر نے اندوہناک واقعے پر انسٹاگرام اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی دعائیں اس سانحے کے موقع پر داؤد فیملی کے ساتھ ہیں۔
ماورا حسین نے ٹویٹر پر پوسٹ کی کہ آخر انسان اتنے بے حس کیسے ہوجاتے ہیں، اللہ تعالیٰ یونان اور ٹائٹن حادثوں کے مرحومین پر رحم فرمائے۔
فریحہ الطاف نے لکھا کہ داؤد فیملی پاکستان کا ایک بہترین تجارتی خاندان ہے اور ملک کیلئے ان کی خدمات شاندار ہیں، اس سانحے کے موقع پر میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔
احمد علی نے سانحے کی خبر کو انسٹاگرام پر شیئر کیا اور افسوسناک خبر پر مرحومین کیلئے دعائیں کی۔
یاد رہے کہ 18 جون کو بحرہ اوقیانوس میں غوطہ لگانے والی سیاحتی آبدوز میں 3 سیاحوں سمیت 5 افراد نے 20 ویں صدی کے اوائل میں غرق ہونے والے ٹائی ٹینک جہاز کے ملبے کو دیکھنے کے سفر کا آغاز کیالیکن بد قسمتی سے وہ جہاز کے ملبے تک پہنچے تو ضرور لیکن مردہ حالت میں ، مرنے والوں میں پاکستانی نژاد ارب پتی تاجر شہزادہ اور اس کا 19 سالہ بیٹا سلیمان بھی شامل ہے جو کہ اس سفر پر جانے کیلئے راضی نہیں تھا، سلیمان اس سمندری سفر سے خوفزدہ لیکن اس کی موت اسے اس مقام تک لے گئی جہاں اس کی روح قبض کی جانی تھی ۔