عید پر آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے منصوبے کو حتمی شکل دیدی گئی

25 Jun, 2023 | 09:51 AM

مانیٹرنگ ڈیسک: عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کیلئے منصوبے کو حتمی شکل دیدی گئی۔

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے نو منتخب میئر مرتضیٰ وہاب کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں   بتایا گیا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے کیلئے جام چکرو، گونڈ پاس اور ملیر کی لینڈ فل سائٹس پر  91 کلیکشن پوائنٹس قائم کیے جائیں گے جبکہ آلائشیں دفن کرنے کیلئے 18 خندقیں کھودی جا رہی ہیں۔

سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں بتایا گیا کہ آلائشوں کو اٹھانے کے آپریشن میں 6 ہزار 802 گاڑیاں جبکہ 24 ہزار 366 افراد پر مشتمل ورک فورس استعمال کی جائے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے ہیلپ لائن بھی قائم کی جائے گی، شہری 1128 پر اپنی شکایات درج کروا سکیں گے۔

اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے تمام یوسی اور ٹاؤن چیئرمینوں کو پابند بناتے ہوئے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر تمام ٹاؤن اور یوسی چیئرمین اپنے اپنے علاقوں میں عوامی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔

اجلاس میں ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد، پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر نجمی عالم، کرم اللہ وقاصی سمیت ٹاؤن اور یوسی چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد میئر کراچی نے تمام چیئرمینوں کے ہمراہ سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔

مزیدخبریں