ویب ڈیسک:اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزرات خارجہ کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے اہلخانہ کو امریکی ویزا دلانے میں سہولت فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی بازیابی کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ، جس میں کہا کہ دفترخارجہ یقینی بنائے امریکا جاتے ہوئےعافیہ صدیقی کے اہلخانہ کو مکمل تحفظ حاصل ہو.
تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ ڈائریکٹر وزارت خارجہ نے کہا عافیہ صدیقی فیملی کو ویزا دلانے میں پوری کوشش کریں گے، وزارت خارجہ کےمطابق پھربھی گارنٹی نہیں کیونکہ حتمی فیصلہ امریکی حکومت کا ہی ہوگا.
عدالت کہنا تھا کہ دفترخارجہ اہلخانہ کو امریکی ویزا کے حصول میں مکمل معاونت فراہم کرے گا۔یاد رہے درخواست ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی کی جانب سے دائر کی گئی تھی ، جس میں استدعا کی گئی کہ امریکامیں قید فوزیہ صدیقی سے ملاقات کرانےکا حکم دیا جائے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو سنہ 2010 میں امریکی عدالت نے افغانستان میں امریکی فوجیوں پرحملہ کرنے کے الزام میں 86 سال قید کی سزاسنائی تھی، وہ ٹیکساس کی جیل میں قید ہیں۔
امریکا کے دعوے کے مطابق عافیہ صدیقی کو افغان جنگ کے دوران افغانستان سے گرفتار کیا گیا تھا، عافیہ صدیقی پر امریکی فوجی کے قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا تاہم عافیہ صدیقی نے ہمیشہ اس الزام کی تردید کی ہے۔