(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کی بڑی صنعتوں پر 10 فیصد سپر ٹیکس لگانے کی اصل وجہ بتادی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری سلسلہ وار ٹوئٹس میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کے اقتدار میں آنے پر 2 راستے تھے، پہلا راستہ یہ تھا کہ الیکشن کرائیں اور معیشت کو ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے لیے چھوڑ دیں اور دوسرا راستہ یہ تھا کہ پہلے اقتصادی چیلنجوں سے نمٹا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو معاشی دلدل سے بچانے کا انتخاب کیا، ہم نے پاکستان کو پہلے سامنے رکھا، یہ پہلا بجٹ ہے جس میں معیشت کی بحالی کا منصوبہ ہے، سخت فیصلے ملک کو معاشی بحران پر قابو پانے کے قابل بنائیں گے، حکومت نے کم آمدنی والے اور تنخواہ دار پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔
Government has taken this decision for the purpose of poverty alleviation. We have asked our affluent segment of society to fulfil the national duty by sharing the burden, for it is the poor who have always borne the brunt & rendered sacrifices for the country.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) June 24, 2022
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے یہ فیصلہ غربت کے خاتمے کے مقصد سے کیا ہے، متمول طبقے سے کہا ہے وہ بوجھ بانٹ کر قومی فرض پورا کریں، براہ راست ٹیکس سے حاصل رقم مالی مشکلات سے متاثر افراد پر خرچ ہوگی، میکرو اکنامک استحکام پہلا قدم ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اتحادی حکومت معاشی خود کفالت حاصل کرنا چاہتی ہے، ہماری قومی سلامتی کا معاشی انحصار سے بہت گہرا تعلق ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے معاشی ٹیم کے اجلاس کی صدارت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بڑی صنعتوں پر 10 فیصد سپر ٹیکس لگایا جائے گا۔