نوشین شاہ کا عمران خان کے بیان پر ردعمل

25 Jun, 2021 | 06:59 PM

 ویب ڈیسک:  پاکستان کی  معروف اداکارہ نوشین شاہ نےوزیر اعظم عمران خان کے خواتین کےمختصر لباس سےمردوں کے جذبات کے بھڑک اٹھنے سے متعلق بیان پر ردعمل میں اُن کی حمایت کی ہے۔

 تفصیلات کےمطابق  نوشین شاہ نے وزیر اعظم عمران خان کے خواتین کےمختصر لباس سےمردوں کے جذبات کے بھڑک اٹھنے سے متعلق بیان پر  اپنی ایک انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ’پردہ کرنا ہمارے اسلام میں ہے اور اس میں ہی ہماری بہتری ہے۔  اداکارہ نوشین شاہ  نےلکھا کہ ’اب پردہ کرو یا نہ کرو وہ آپ کی مرضی ہے ، میں یہ نہیں کہہ رہی کہ مردوں کو معافی ہے، نہیں حساب دونوں کو ہی دینا ہوگا۔‘

نوشین شاہ نے لکھا کہ ’مجھے لگتا ہے بہت سارے لوگوں کو قرآن پڑھنے کی ضرورت ہے مجھ سمیت، میں یہاں کسی کو عظیم یا بدتر ثابت نہیں کررہی کیونکہ یہ کام اللّٰہ کا ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ کم از کم ہمیں اللّٰہ کا حکم ماننا چاہئے، نوشین شاہ نے لکھا کہ عمران خان ہمیں آپ پر فخر ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پیر کو امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں ملک میں فحاشی اور جنسی زیادتیوں کے واقعات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مرد کوئی روبوٹ نہیں، عورت کے مختصر لباس سے مرد کے جذبات بھڑک جاتے ہیں۔ عمران خان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آرہا ہے، سوشل میڈیا صارفین کی اس معاملے پر رائے منقسم ہے۔

سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی  مفتی منیب الرحمن نے عمران خان کے خواتین کےلباس کے بیان کی تائید کردی۔  مفتی منیب نے عمران خان کے امریکی چینل کو دیئے انٹرویو پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور امریکا کو اڈے نہ دینے اور خواتین کے مختصر لباس  کے حوالے سے واضح مؤقف پر داد و تحسین پیش کی۔
 

مزیدخبریں