عابد چودھری: شاہدرہ ٹاؤن میں زہریلی شے کھانے سے دو کمسن بھائی پراسرار طور پر ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق 4 سالہ مرتضی اور ایک سالہ معیز کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ دو بھائیوں کی بہن حرا تشویشناک حالت میں ہسپتال زیرعلاج ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ بچوں نے گذشتہ رات تکے کھائے جس سے ان کی حالت بگڑی۔ پولیس نے بچوں کے ماں باپ کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ معاملہ مشکوک ہے،بچوں کے والدین سے تحقیقات کی جارہی ہے۔ جلد حقائق سامنے آجائیں گے۔
دوسری جانب ترجمان فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فوڈ سیفٹی ٹیم جائے وقوعہ بھیج دی گئی ہے۔ ٹیم پولیس اورمتعلقہ اداروں کی مدد سے ابتدائی معائنہ کرے گی اور خوراک کے نمونے مزید تجزیئے کے لئے لیبارٹری بھیجے جائیں گے جبکہ مبینہ دکان کی چیکنگ بھی کی جائے گی۔