(حسن خالد) ایل ڈی اے کا ٹاؤن شپ میں سرکاری اراضی پر غیر قانونی تعمیرات کیخلاف گرینڈ آپریشن، 196 دکانیں مسمار کردیں، پولیس نے مزاحمت کرنے پر متعدد دکانداروں کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایل ڈی اے نے ٹاؤن شپ مین مارکیٹ میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے 196 دکانیں مسمار کردیں، لوگوں نے مارکیٹ میں پختہ تعمیرات کے ساتھ ساتھ عارضی دکانیں بھی بنا رکھی تھیں، رات گئے شروع ہونے والے آپریشن میں ایس ایس پی آپریشنز سید ندیم عباس سمیت 3 ڈویژنز کے ایس پیز نے بھاری نفری کیساتھ شرکت کی۔
پولیس نے ٹاؤن شپ مارکیٹ کی طرف جانے والے راستوں کو بیرئیر لگا کر بند کردیا تھا، اس موقع پر مزاحمت کرنے والے دکانداروں کو حراست میں لے لیا گیا، بھاری مشینری سے ہونے والا آپریشن دیکھ کر دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنا لاکھوں کا سامان باہر نکالا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ دکاندار پھٹ پڑے، دکانداروں نے کہا حکومت نے آج ہمارے بچوں کا روزگار ہم سے چھین لیا، ایل ڈی اے اور پولیس کی غنڈہ گردی نے 2 ہزار سے زائد افراد کے منہ سے نوالہ چھین لیا۔
دکانداروں نے مزید کہا کہ وہ یہ جگہ خریدنے کے لیے بھی تیار تھے، تاہم حکومت سمیت کسی انتظامی نمائندہ نے ایک نہ سنی اور اب سڑکوں پر آگئے ہیں۔