سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں نہ دینے کی تجویز

25 Jun, 2021 | 10:11 AM

Imran Fayyaz

 (جنید ریاض) لاہور چیمبر سٹینڈنگ کمیٹی برائے ایجوکیشن نے سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں نہ دینے کی تجویز پیش کر دی۔

چیئرمین سٹیڈنگ کمیٹی برائے ایجوکیشن میاں رضا الرحمن کے مطابق  اس سال بچوں کو گرمیوں کی چھٹیاں نہیں دینی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ  بچوں کو دوبارہ تعلیم سے دور کیا گیا تو یہ بچوں کے لیے بڑا نقصان ثابت ہوگا، سکول کے اوقات کار صبح 6 بجے سے 10 بجے تک کر دیے جائیں ۔

 انہوں نے کہا کہ سنگل نیشنل کریکولم پر سرونگ سکولز کے تحفظات ہیں  کیونکہ  وزیراعظم عمران خان کے ویژن کو تباہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے، پی سی ٹی بی کی جاری کردہ کتب کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ  پبلشرز کو 30 جون تک این او سی جاری نہ کیے گئے تو بچوں کا ناقابل تلافی نقصان ہوگا،  نیشنل کریکولم کو مرحلہ وار نافذ کیا جائے۔

 واضح رہے کہ قبل ازیں سکول ایجوکیشن کی جانب سے تعلیمی اداروں کو گرمیوں کی تعطیلات کے سلسلے میں 2 جولائی سے یکم اگست تک بند رکھنے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔

سکول ایجوکیشن نے گرمیوں کی تعطیلات کے حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کو آگاہ کردیا تھا، صوبائی وزیر تعلیم چھٹیوں کے حوالے سے این سی او سی میں اپنی سفارشات پیش کریں گے۔تاہم  ذرائع کے مطابق چھٹیوں کا حتمی فیصلہ این سی او سی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

مزیدخبریں