ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

قومی کرکٹرز کی دوسری کوویڈ ٹیسٹنگ مکمل

قومی کرکٹرز کی دوسری کوویڈ ٹیسٹنگ مکمل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حافظ شہباز علی) دورہ انگلینڈ سے قبل قومی کرکٹرز اور ٹیم آفیشلزکی دوسری کوویڈ ٹیسٹنگ مکمل ہوگئی، مقامی ہوٹل میں میڈیکل ٹیم نے بائیو سیکیور ماحول میں کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کے سیمپل لئے، پہلی ٹیسٹنگ میں کرونا پازیٹیو والے کھلاڑیوں کی دوسری ٹیسٹنگ کل ہو گی.
قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، قومی کھلاڑیوں کی دوسری کوویڈ ٹیسٹنگ مکمل کرلی گئی، مقامی ہوٹل کے تیسرے فلور پر بائیوسیکیور ماحول میں میڈیکل ٹیم نے 18کھلاڑیوں اور 11ٹیم آفیشلز کے سیمپل لئے، میڈیکل ٹیم نے 20،20منٹ کے وقفے سے کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کے سیمپل لئے۔
پہلی کوویڈ ٹیسٹنگ میں کرونا نیگٹیو قرار پانے والے کھلاڑیوں عابد علی، اسد شفیق، اظہرعلی، بابراعظم، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عباس، نسیم شاہ، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان اور یاسر شاہ کے سیمپل لئے گئے۔
کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ 11ٹیم آفیشلزمنصور رانا، مصباح الحق، شاہد اسلم، یونس خان، مشتاق احمد، عبدالمجید، طلحہٰ بٹ، یاسر ملک، ڈاکٹر سہیل سلیم، لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ عثمان رفعت اور رضا کیچلوکے بھی ٹیسٹ کئے گئے جبکہ ریزرو وکٹ کیپر روحیل نذیر اور مساجرعمران بٹ کے بھی کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
دوسری جانب پہلی کوویڈ ٹیسٹنگ میں کرونا پازیٹیو آنے والے محمد حفیظ سمیت دس کھلاڑیوں اور ایک ٹیم آفیشل کے کرونا ٹیسٹ جمعہ کے روز کیئے جائیں گے، ادھر پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ تمام ٹیسٹ رپورٹس کے بارے میں اعلان 27جون کو کیا جائے گا، قومی کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ کے لئے 28جون کو لاہور سے انگلینڈ روانہ ہو گی.

Malik Sultan Awan

Content Writer