(سعدیہ خان) باغوں کے شہر لاہور میں ابر کرم نے خوب رنگ جمایا، صبح کے اوقات میں ہونے والی بارش کے بعد شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات نے مزید بادل برسنے کی پیشگوئی کردی۔
ساون رت آئی، جون میں گرمی کا جوبن کم ہوگیا، لاہور میں صبح سویرے ہی بادلوں نے آسمان پر ڈیرے ڈال لیے، بدلتے موسم کی انگڑائی نے گرمی کو مات دے دی اور بادل برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا، بارش کے بعد گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔
واسا کے بارشی ریکارڈ کے مطابق واسا ہیڈ آفس7، جوہر ٹاؤن 7 اور لکشمی چوک میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، فرخ آباد 5، پنجاب یونیورسٹی5، اقبال ٹاؤن 3 ملی میٹر، مغلپورہ، تاجپورہ، نشتر ٹاؤن، پانی والا تالاب اور سمن آباد2 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ اپرمال اورگلشن راوی کےاطراف میں ایک ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 اور کم سے کم 28ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، شمال مغربی ہواؤں نے فضا میں نمی بڑھا دی جو90 فیصد تک پہنچ کر بارش کا باعث بن گئی ہیں،موسم کا حال بتانے والوں نے آج رات میں مزید بادل برسنے کی نوید سنادی۔
دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ڈی جیز نے رواں سال 10 فیصد زائد بارشوں کی پیش گوئی کردی جبکہ اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کردیا، چیئرمین این ڈی ایم اے نے فلڈنگ ایریا کا قبل ازوقت سروے مکمل کرانے اور مون سون سے قبل حفاظتی مشینری کو چیک کرنے کی ہدایات دیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث ٹریفک میں کمی اور فیکٹریوں کی بندش سے باغوں کے شہر لاہور کی فضا میں 10 سال بعد بڑی تبدیلی رونما ہوئی ہے، شہر میں فضائی آلودگی کم ہوگئی ہے، پہلی بار صوبائی دارالحکومت لاہور میں ائیر کوالٹی انڈیکس انتہائی کم ریکارڈ کیا گیا ہے۔