(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کے مؤثر استعمال سے متعلق ایک اور اہم فیصلہ کرلیا، ٹائیگر فورس کی بہتر کارکردگی کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال ہو گا،معاون خصوصی عثمان ڈار نے جیو ٹیگنگ پر مشتمل موبائل ایپلیکیشن تیار کروا لی۔
معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹائیگر فورس کی ذمہ داریوں کو باآسانی مانیٹر کیا جائے گا، اسسٹنٹ کمشنرز، ایس ایچ او اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ بھی ایپ سے منسلک ہوں گے، ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی اور موقع پر کارروائی ممکن ہو گی، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تیار کردہ ایپ کا ٹیسٹ رن مکمل کرلیا گیا۔
عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آئندہ ہفتے ملک گیر سطح پر ایپ لانچ کریں گے، ٹائیگر فورس خود ساختہ مہنگائی کی بھی نشاندہی کر سکے گی۔
انہوں نے کہاکہ ماسک نہ پہننے والے خریدار یا دکاندار کے خلاف بھی فوری کارروائی ممکن ہو گی، ہر ٹائیگر فورس کی پرفارمنس اور رضاکارانہ سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جائے گا، قومی خدمت کا بہترین مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں سے وزیراعظم عمران خان خود ملاقات کریں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کے رضاکاروں سے ملاقات میں کہا کہ لوگوں کو یہ بتانا ضروری ہے کہ کورونا کی پیک سے نکل جائیں گے۔ اگر عوام نے ایس او پیز پر عمل نہ کیا توہسپتالوں پر بوجھ پڑے گا، ہر ملک میں ایس او پیز پر عمل درآمد رضاکاروں نے کرایا ہے۔
واضح رہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد پاکستان میں کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی آگئی، ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 60افراد چل بسے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد3755ہوگئی جبکہ کورونا وائرس کے مزید 3892 مریض سامنے آگئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 89 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔