بابر اعظم کے پسندیدہ بھابی نہ کہنے پرثانیہ مرزا برہم

25 Jun, 2020 | 12:12 PM

Shazia Bashir

  (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ٹینس اسٹار اور قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی جانب سے انہیں پسندیدہ بھابی نہ کہنے پر  مصنوعی غصے کا اظہار کرتے ہوئے مارنے کی دھمکی دے دی۔

تفصیلات کے مطابق شعیب ملک تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کرکٹر بابر اعظم سے لائیو سیشن پر گفتگو کررہے تھے اور بابر اعظم شعیب ملک کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دے رہے تھے۔ لائیو سیشن کے دوران دونوں کرکٹرز اپنے تجربات اور ذاتی زندگی کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کررہے تھے۔

سوال جواب کے دوران شعیب ملک نے بابراعظم سے پوچھا کہ قومی کرکٹ ٹیم میں جتنے بھی شادی شدہ کرکٹرز ہیں ان کی بیویوں میں سے وہ کس بھابی کو سب سے زیادہ پسند کرتے ہیں۔ بابر اعظم نے بڑا سوچ سمجھ کے جواب میں سرفراز احمد کی اہلیہ خوش بخت سرفراز کا نام لیا۔اس جواب کے ساتھ ہی شعیب ملک کی اہلیہ نے لائیو سیشن کے دوران کمنٹ سیکشن میں مذاق مذاق میں ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ میں تمہیں قتل کردوں گی۔

ثانیہ مرزا نے ایک اور کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اب انہیں ثانیہ مرزا کے گھر صوفے پر سونے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔ اس بات پر سابق پاکستانی کرکٹر اظہر محمود کی بیوی ایبا قریشی نے بھی خود کو فیورٹ بھابی کے طور پر منتخب نہ کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اب ان کو اب ان کے گھر آنے کی بھی ضرورت نہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان  شعیب ملک نے اگرچہ ایک دہائی قبل اپریل میں شادی کی تھی تاہم اب بھی ان کی شادی اور تعلقات کی خبریں پاکستان اور بھارت کے میڈیا کی زینت بنتی ہیں۔اور تاحال لوگ ان کی محبت اور تعلقات کے حوالے سے بہت ساری معلومات حاصل کرنے کے لیے بے تاب دکھائی دیتے ہیں۔

مزیدخبریں