مال روڈ (راؤ دلشاد) عید الاضحٰی کی مناسبت سے منڈیاں لگیں گی یا نہیں؟ محکمہ بلدیات، میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ نے تجاویز دیکر بال پنجاب حکومت کی کورٹ میں ڈال دی، شہر کے اطراف میں سات بکر منڈیوں کے انعقاد کا فیصلہ کابینہ کمیٹی ہی کرے گی۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ محکموں کی طرف سے سات منڈیوں کی تجویز دی گئی ہے جن میں شاہ پور کانجراں ملتان روڈ، رنگ روڈ لکھوڈیر سبزی منڈی، پنجاب ایمپلائز کواپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی فیز ٹو شامل ہیں، ڈی ایچ اے رہبر فیز الیون ہلوکی ڈیفنس روڈ، ڈی ایچ اے فیز نائن بالمقابل ہڈیارہ ڈرین نشاط ملز، حضرت عثمان غنی روڈ سگیاں، حضرت علی روڈ سگیاں مویشی منڈیاں شامل ہیں۔
مویشی منڈیوں میں ہی 7 قربان گاہیں بنانے کی تجویز دی گئی، جبکہ اجتماعی قربان گاہوں کیلئے ایس اوپیز بنانے کی بھی تجویز دی گئی ہے، منڈیوں میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی صفائی ستھرائی کے نظام کو فعال رکھے گی جبکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن مویشیوں کیلئے کھرلیاں، پانی، لائٹس، سکیورٹی، ٹینٹس، پبلک ٹوائلٹس، کمپلینٹس سینٹرز، پینے کیپانی کی سہولیات دے گی۔
کورونا کے پیش نظر جانوروں کے شامیانوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھنے، جانوروں کو کانگو وائرس سے بچانے کیلئے داخلی راستوں اور منڈیوں میں سپرے کو یقینی بنانے کی تجویز دی گئی ہے،سکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے اور پولیس کی سروسز لینے کی تجویز بھی دی گئی ہے، سنت ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے شہر میں تاحال مویشی منڈیاں لگانے یا نہ لگانے سے متعلق کوئی تحریری نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے مویشی منڈیوں کے شہری حدود سے باہر قیام اور ایس او پیز کی تیاری سے متعلق اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی، کمیٹی مویشی منڈیوں کے قیام سے متعلق حتمی سفارشات دے گی،کمیٹی میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن آغا، سیکرٹری زراعت، لوکل گورنمنٹ، ہیلتھ، زراعت شامل ہیں۔
یاد رہے کہ عید الاضحیٰ ہر سال قمری مہینہ ذوالحج کی دس تاریخ کو منائی جاتی ہے، عید کی نماز کے بعد صاحب حیثیت مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئےاللہ کی راہ میں جانور قربان کرتے ہیں.