(مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کی تحقیق کے مطابق کورونا وائرس سے طویل مدتی اثرات کے نتیجے میں جنوبی ایشیا کے 10 کروڑ سے زائد بچے خط غربت کی لکیر سے نیچے جاسکتے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ گنجان آبادی والے اس خطے میں گزشتہ چند ہفتوں میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے، یونیسیف نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ اگرچہ بچے وائرس سے کم متاثر ہوئے لیکن وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے معاشی اور معاشرتی اثرات سے بچے شدید متاثر ہوئے۔
جنوبی ایشیا میں تقریباً 60 کروڑ بچے موجود ہیں جن میں 24 کروڑ بچے پہلے خط غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جنوبی ایشیا میں بھارت، پاکستان، افغانستان، نیپال، بنگلہ دیش، سری لنکا، مالدیپ اور بھوٹان شامل ہیں۔ رپورٹ میں متنبہ کیا گیا کہ بدترین صورتحال میں وائرس 6 مہینوں کے اندر مزید 12 کروڑ بچوں کو غربت اور غذائی عدم تحفظ کی طرف دھکیل سکتا ہے۔
یونیسیف کے جنوبی ایشیا کے ریجنل ڈائریکٹر جین گو نے ایک بیان میں کہا کہ اب فوری کارروائی کے بغیر کووڈ 19 پوری نسل کی امیدوں اور مستقبل کو ختم کرسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کے لیے جاری مختلف غذائی اور حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام بری طرح متاثر ہوئے ہیں، یونیسف نے کہا کہ بنگلہ دیش میں معلوم ہوا ہے کہ کچھ غریب ترین خاندان ایک دن میں تین وقت کا کھانا برداشت نہیں کرسکتے ہیں جبکہ سری لنکا میں اس سروے میں بتایا گیا کہ 30 فیصد خاندانوں نے اپنے کھانے کی مقدار میں کمی کردی ہے۔
سکولوں کی بندش، انٹرنیت تک عدم رسائی، بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے غریب بچے اپنی تعلیم کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، اس رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ دنیا میں بھر میں تقریباً 3 کروڑ 20 لاکھ بچے سکول جانے سے محروم ہیں۔