( قذافی بٹ ) صوبائی وزیر اطلاعات سید صمصام بخاری کہتے ہیں مسلم لیگ (ن) میں تخت کی جنگ ہے کہ پارٹی کو آئندہ مریم نواز لیڈ کرینگی یا حمزہ شہباز جبکہ مولانا فضل الرحمان اور اے پی سی میں شرکت کرنے والی تمام سیاسی جماعتیں کنفیوزڈ ہیں۔
کابینہ اجلاس کے بعد سید صمصام بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ والوں کو علم ہے کہ ان کی سیاست کدھر جا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ شہباز شریف کی خاموشی اور مریم نواز کی شعلہ بیانی کی سمجھ نہیں آ رہی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے اپنے بھائی اور بیٹے اسمبلیوں میں موجود ہیں اور وہ ان اسمبلیوں کو جعلی کہتے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا پنجاب کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ بجٹ میں تجویز کردہ ٹرانسپورٹ پر ٹیکس ختم کیا جائے تاکہ عام عوام کو زیادہ مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، یہ سہولت عوام کو قطر سے ملنے والی بیرونی سرمایہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قطری امیر کے دورے کی اہمیت کو کچھ لوگ کم کر رہے ہیں لیکن انہیں واضح کر دوں کہ یہ دورہ قطری خط کیلئے نہیں تھا بلکہ قطری امیر نے وزیراعظم اور قوم پر اعتماد کیا اور 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔
صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ ڈیل کا لفظ عمران خان اور پی ٹی آئی کی ڈکشنری میں نہیں ہے لیکن ہم میثاق معیشت پر اپوزیشن جماعتیں کی تجاویز پر غور کرینگے۔