سٹی42: چائنیز نوجوانوں کی پاکستانی بیویاں بازی جیت گئیں۔ بیویوں کی وجہ دوچائنیز ملزمان کو رہائی مل گئی۔ پاکستانی لڑکیوں سےشادی کرنےکے بعد جسم فروشی کرانے کے الزام میں گرفتار دوچائنیز ملزمان کی درخواست ضمانت سیشن عدالت نے منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے ملزمان کی پاکستانی بیویوں کے بیانات کی روشنی میں فیصلہ سنایا۔ سیشن کورٹ نےدوچینی باشندوں کی درخواست ضمانتیں منظورکر لیں۔ چینی باشندے لیوتھین ای اور لیو چوئےچاہ نےبعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔ ملزمان کی جانب سےحسن لطیف ایڈوکیٹ نے دلائل دیئے، پاکستانی لڑکیوں فوزیہ اور سمیرا نےاپنے بیانات میں کہا کہ قانون کے مطابق پسند کی شادی کی۔ اب وہ ان کےشوہر ہیں، ان کے ساتھ کچھ غلط نہیں ہوا۔
عدالت نے پاکستانی لڑکیوں کے بیان کی روشنی میں ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کی اور دو دو لاکھ کے مچلکوں کےعوض رہائی کا حکم دے دیا۔ ایف آئی اے نے گیارہ چائنیز باشندوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ ایف آئی اے کےمطابق ملزمان معصوم پاکستانی لڑکیوں کو شادی کا جھانسہ دے کرچائنہ لے جاتے اور انہیں جسم فروشی پر مجبور کرتے، ایک متاثرہ لڑکی کی درخواست پر ایف ائی اے نے گرفتاریاں کی تھیں۔
پاکستانی لڑکیوں سےشادی کے بعد جسم فروشی کرانے کے الزام میں گیارہ چائنیز گرفتار تھے۔ صرف دو ملزمان کی پاکستانی بیویاں سامنے آئیں مگر ان دو ملزمان کی ضمانت ہونے سے دیگر ملزمان کے لیےراہ ہموار ہو گئی ہے۔