مہنگائی میں اضافے کے خلاف درخواست پرسماعت

25 Jun, 2019 | 02:46 PM

Shazia Bashir

سٹی42: کمشنرلاہورڈویژن ڈاکٹرمجتبی پراچہ لاہورہائیکورٹ پیش ہوئے، عدالت کا کمشنرکومہنگائی کنٹرول کرنےکے حوالے سے موثرعمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم، جسٹس مامون رشید شیخ نے کہا کہ مہنگائی مفادعامہ کا اہم معاملہ ہے جسے نظر انداز نہیں کرسکتے۔

جسٹس مامون رشید شیخ نےجوڈیشل ایکٹوازم پینل کی درخواست پرسماعت کی، عدالتی حکم پرکمشنرلاہورڈویژن ڈاکٹر مجتبی پراچہ، اے ڈی سی ملک اویس، ایڈیشنل سیکرٹری پرائمری اینڈ ہیلتھ عمارہ خان سمیت دیگرافسر پیش ہوئے، کمشنرلاہور نے مہنگائی کو کنٹرول کرنےکےحوالے سےعدالت میں رپورٹ پیش کی تاہم عدالت کو مطمئن نہ کرسکے۔

جسٹس مامون رشید شیخ نے ریمارکس دئے کہ تمام ادارے مل کر مسائل کو اجاگر کریں اورمناسب اقدامت سے متعلق عدالت کو آگاہ کریں، عدالتی معاونت نہ کرنے پرلائیو سٹاک افسران پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئےعدالت نےکہا کہ لائیو اسٹاک بتائے پولٹری سے متعلق کیا قوانین بنائے ہیں۔ پولٹری ایسوسی ایشن کے صدر ہائیکورٹ بارحفیظ الرحمان چویدری نے بتایا کہ ایک دن کےچوزے کو 40 دن خوراک دینے کے بعد 2200 گرام کی مرغی تیار ہوتی ہے۔

عدالت نے کمشنر لاہور ڈویژن کو تمام فریقین کے ساتھ اجلاس کرنے کا حکم دیا جبکہ اس حوالے سے موثر اقدامات کرکے سات جولائی کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

مزیدخبریں