لاہور کی تمام سڑکوں، گلیوں میں ایل ای ڈی لائٹس لگانے کا فیصلہ

25 Jun, 2019 | 10:05 AM

Sughra Afzal

 (راﺅ دلشاد) شہر کی تمام سڑکوں اور گلیوں میں سوڈیم لائٹس کو تبدیل کرکے ایل ای ڈی لائٹس لگانے کا فیصلہ، کمشنر نے گیٹ ٹیکنالوجی کو فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

ٹاؤن ہال میں ایڈمنسٹریٹر ایم سی ایل و کمشنر ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ کی زیر صدارت اجلاس میں سی ای او گیٹ ٹیکنالوجی نے شہر کی اہم شاہراہوں پر ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب اور فوائد پر بریفنگ دی، انہوں نے کہا کہ سڑکوں اور گلیوں میں سوڈیم لائٹس کے بجائے ایل ای ڈی لائٹس لگانے سے بجلی کی بچت ہوگی اور کارپوریشن کے الیکٹریسٹی کے اخراجات میں 40 سے 50 فیصد تک کمی آئے گی۔

ایل ای ڈی 50 واٹ کی سٹریٹ لائٹس ہوگی جبکہ روشنی سو ڈیم لائٹ کے برابر فراہم کریگی، ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن و کمشنر ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے ایل ای ڈی لائٹیں لگانے کیلئے فزیبلٹی رپورٹ جلد تیار کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے بھی رپورٹ تیار کی جائے اس اقدام کے نتیجے میں کتنی بچت ہو گی۔

 اجلاس میں چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن محمود مسعود تمنا، پی ایس او ٹو ایڈمنسٹریٹر میاں وحید الزمان، آئی ٹی انچارج ایم سی ایل محمد نعمان سمیت گیٹ ٹیکنالوجی کے نمائندے بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں