سورج اور بادلوں میں آنکھ مچولی، ہوائیں چلیں گی ،بارش ہوگی

25 Jul, 2024 | 09:10 AM

کومل اسلم:  شہر  لاہور میں موسم مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ   حبس برقرار  ہے جبکہ آج شہر میں بارش برسنے کے صرف 10 فیصد امکانات ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ  آئندہ 24گھنٹوں میں درجہ حرارت 38 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔شہر میں ہوا کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 73 فیصد تک پہنچ گیا ہے.

ماہرین کا کہنا ہے کہ مون سون کا پانچواں سپیل جاتے جاتے شہر میں بارش برسا سکتا ہے، شہر  لاہور میں اتوار کے روز سے مون سون کے چھٹے سپیل کی انٹری متوقع ہے۔پی ڈی ایم ای کی جانب سے بھی مون سون سیزن کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا کہ تمام تر حفاظتی اقدامات مکمل کر کے رکھیں، شہریوں کو بھی بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے ہدایت کی گئی ہے۔
 دوسری جانب  ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم خیبرپختونخوا،بالائی/وسطی پنجاب، کشمیر اورشمال مشرقی بلوچستان میں چند مقاما ت پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی  موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس رہے گا تاہم راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، قصور،اوکاڑہ، شیخوپورہ، نورپورتھل، بھکر، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، جھنگ اورٹوبہ ٹیک سنگھ میں چند مقاما ت پر تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم دیر، چترال، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، نوشہرہ، صوابی، ہری پور، خیبر، پشاور، کرم،کوہاٹ، کرک، لکی مروت، بنوں، وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں چند مقاما ت پر تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کو ہلو، لورا لائی، سبی اورکوئٹہ میں چند مقامات پرتیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس رہنے کا امکان ہے تاہم ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر بونداباندی/ہلکی بارش ہونے کی توقع ہے۔کشمیر میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں موسم خشک اورمطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

مزیدخبریں