ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بلاول بھٹونے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو  یوم تقدس قرآن منانے کے فیصلہ سے آگاہ کردیا

Bilawal Bhutto calls OIC Secretary General, City42
کیپشن: File Photo
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ سے ٹیلی فون پر بات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق بلاول بھٹو نےمنگل کو  یہ ٹیلی فون کال سویڈن اور دیگر یورپی ممالک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے پے در پے واقعات کے پس منظر میں کی۔ وزیر خارجہ نے یورپی ممالک میں توہین آمیز کارروائیوں کی مذمت کی جو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو 6 جولائی 2023 کو پاکستان کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس  کی قرارداد اور 7 جولائی 2023 کو پاکستان بھر میں یوم تقدس قرآن کے منانے کے بارے میں آگاہ کیا جو تحفظ قرآن کے لئے پاکستان کے عوام کی امنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیر خارجہ نے اس بات کو سراہا کہ او آئی سی سیکرٹری جنرل کی سرپرستی میں ان قابل مذمت کارروائیوں کا فوری جواب دے رہی ہے۔ انہوں نے 2 جولائی 2023 کو جدہ میں او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہونے والے غیر معمولی اجلاس اور اجلاس کے بعد جامع اعلامیہ جاری کرنے پر او آئی سی کی تعریف کی۔

وزیر خارجہ نے اس معاملے پر ہنگامی وزارتی اجلاس کے انعقاد کے لیے او آئی سی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور سیکرٹری جنرل کو اس سلسلے میں ایران، سعودی عرب اور ترکی کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونک رابطہ سے آگاہ کیا۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے اسلامو فوبیا سے نمٹنے اور انسداد کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اقوام متحدہ میں اس سلسلے میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل کو یقین دلایا کہ پاکستان اسلامو فوبیا کی قابل مذمت لہر کو روکنے کے لیے او آئی سی کے تمام اقدامات میں فعال طور پر حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔