تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

25 Jul, 2023 | 10:36 AM

مانیٹرنگ ڈیسک: شہر لاہور میں وقفے وقفے سے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار  ہوگیا، آئندہ 24گھنٹوں کے دوران شہر میں رم جھم کا امکان ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق بلو چستان، سندھ، جنوبی پنجاب میں اکثر مقامات پرجبکہ کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد ، بالائی پنجاب اورخیبر پختونخوا میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے, اس دوران جنوبی پنجاب، شمال مشرقی /جنوبی بلو چستان اور سندھ میں موسلادھار بارش کی توقع ہے جبکہ چند مقامات پر بارش کے باعث طغیانی کا خدشہ ہے۔

 کراچی سمیت سندھ بھر میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔ 

 محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے، اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیرہ غازی خان، جنوبی بلوچستان کے بیشترحصوں میں موسلادھار بارش متوقع ہے، کوئٹہ، ژوب، قلعہ سیف اللہ،زیارت،بارکھان،کوہلو،شیرانی، ہرنائی،بولان،لورالائی، خضدار، لسبیلہ،کیچ،تربت، پنجگور، آواران، پسنی، اورماڑہ اورگوادرمیں تیز بارش کا امکان ہے۔

 شمالی اور جنوبی بلوچستان کے ندی نالوں میں بارش کے باعث طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابقآزاد کشمیر، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش کا امکا ن ہے جبکہ مری اور گلیات میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

 سانگھڑ، خیرپور، کشمور، گھوٹکی، نوشہرو فیروز، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص، شہید بینظیر آباد، مٹیاری، حیدرآباد، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، کراچی اور حیدرآباد میں بارش کی پیشگوئی ہے جبکہ کراچی اور حیدرآباد میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی خدشہ ہے۔

مزیدخبریں