ویب ڈیسک: بالی ووڈ انڈسٹری کی ہر دل عزیز جوڑی وکی کوشل اور کترینہ کیف کو سوشل میڈیا پر ایک نامعلوم شخص کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وکی کوشل نے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہونے پر سانتا کروز پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے۔حال ہی میں موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شکایت درج کروانے کے بعد پولیس نے اس جوڑے کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گرفتار ہونے والے شخص کی شناخت مانویندر سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مانویندر سنگھ نامی یہ آدمی بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر لکھنؤ کا رہنے والا ہے، ممبئی میں فلموں اور ٹی وی سیریز میں کام حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کر رہا تھا۔گرفتار ملزم کا کہنا ہے وہ کترینہ کیف کا مداح ہے اور اداکارہ سے شادی بھی کرنا چاہتا تھا۔اس ملزم کے دو انسٹاگرام اکاؤنٹس ہیں اور ان دونوں اکاؤنٹس کے بائیو میں اس نے کترینہ کیف کا ذکر اپنی بیوی کے طور پر کیا ہوا ہے۔