دعا زہراسےمتعلق اہم خبر

25 Jul, 2022 | 11:57 AM

ویب ڈیسک : عدالت کے حکم پر دعا زہرہ کو کراچی منتقل کردیا گیا ہے،گذشتہ روز لاہور کی ایک عدالت نے دعا زہرہ کو کراچی بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق دعا زہرا کو یکم اگست کو  ٹرائل کورٹ میں پیش کیاجائیگا۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے کہا کہ دعا زہرا کو فل پروف سیکورٹی اور حفاظتی انتظامات میں رکھا گیا ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ رضوان احمد کی عدالت نے دعا زہرا کو کراچی بھیجنے کا حکم دیا تھا۔ مدعی مقدمہ مہدی کاظمی کے وکلا احمد شیر اور فہد صدیقی عدالت میں پیش ہوئے اور عمر کے تعین کے لیے تیسرے میڈیکل ٹیسٹ کی درخواست پرمدعی کے وکیل نے اعتراض کیا۔

وکیل احمد شیر جٹ نے کہا کہ ہائیکورٹ کا ڈویژن بنچ اس پر فیصلہ دے چکا ہے لہٰذا یہ اس عدالت کا دائرہ اختیار نہیں ہے۔ سندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرا کو شیلٹر ہوم کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ دعا کو کراچی منتقل کرنے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں۔فیصلے میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ کیس کراچی کی ٹرائل کورٹ میں زیر التوا ہے اور دعا زہرا کیس کا مرکزی کردار ہے اس کی کراچی میں موجودگی ضروری ہے۔

 عدالت نے اپنی آبزرویشن میں کہا تھا کہ بظاہر دعا زہرا اپنے شوہرکے ساتھ بھی ناخوش ہے اور ساتھ رہنا نہیں چاہتی جبکہ وہ والدین سے بھی خوفزدہ ہے اس لیے اس کا شیلٹر ہوم میں رہنا مناسب ہے۔سندھ ہائی کورٹ نے اپنے حکم نامے میں کہا تھا کہ دعا زہرا کی اغوا سے متعلق ٹرائل کورٹ ہی حتمی فیصلہ کرے گی۔

مزیدخبریں