مہوش حیات کی وزیراعظم بننے کی خواہشمند؛ سیاست میں انٹری کا عندیہ دیدیا

25 Jul, 2021 | 10:12 PM

M .SAJID .KHAN

(ویب ڈیسک)پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ مہوش حیات سوشل میڈیا پر اکثر متحرک رہتی ہیں،اداکارہ کی ایک نئی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں انہوں نے سیاست میں آنے اور ملک کی وزیراعظم بننے کی خواہش کا اظہار کیا، اداکارہ کی اس ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے خیالات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معروف فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ مہوش حیات نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ تحریک انصاف کی سیاست سے متاثر ہیں، ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ ملک کو سدھرنے کے لئے وہ خود بھی سیاست میں آنے کا ارادہ رکھتی ہیں یہی نہیں مہوش حیات نے پاکستان کی وزیراعظم بننے کی خواہش کا بھی اظہار کیا،اداکارہ کے اس انٹرویو کی ویڈیو وائرل ہوچکی ہے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ  نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان کی معروف فلمسٹار مہوش حیات نے کہا کہ مجھے سیاست میں بہت دلچسپی ہوگئی ہے، انشاء اللہ میں سیاست میں آؤں گی،پارلیمانی یاپارٹی سیاست کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرا ارادہ ملک میں بہتری لانے کا ہے اب وہ پارلیمانی طریقے سے آتی ہے یا اپنی پارٹی بنانے سے آتی ہے یہ تو وقت ہی بتائے گا۔

عمران خان یا اپوزیشن کی سیاست کے حوالے سے ان کا کہناتھا کہ پی ٹی آئی کی سیاست سے اس لیے متاثر ہوں کیونکہ وہ نہ صرف کافی تبدیلی لائے ہیں بلکہ ایک نئی سوچ بھی عوام کو دی، ان کا کہناتھا کہ سیاست سے قبل عمران خان بھی کرکٹر تھے جبکہ وہ وزیراعظم بن سکتے ہیں تو پھر اداکار کیوں نہیں۔

میزبان نے کہا کہ کیا آپ عمران خان کو چیلنج کررہی ہیں جواب میں مہوش حیات کا کہناتھا کہ  چیلنج نہیں لیکن ان کی جگہ کسی نے تو لینی ہے آگے جا کر، تو میں بھی ایک اُمیدوار بن سکتی ہوں وزیراعظم کی۔

مزیدخبریں