(سعید احمد سعید) پاکستان ریلوے نے عید الاضحیٰ کے موقع پرچار سپیشل ٹرینیں چلانےکا فیصلہ کرلیا، ریلوے ہیڈکوارٹر کی جانب سے شیڈول بھی مرتب کرلیا گیا، عید سپیشل ٹرینوں میں بھی انسداد کورونا ایس اوپیز پرمکمل عملدرآمد کرانےکی ہدایت کی گئی ہے،سپیشل ٹرینوں میں بھی صرف 60فیصد سیٹوں پر بکنگ ہو گی۔
پاکستان ریلوے نے عید قربان پر پردیسیوں کیلئے 4 اسپیشل عید ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے، ریلوے انتظامیہ نے شیڈول جاری کر دیا ، پہلی عیدسپیشل 28 جولائی کودن 11 بج کر 45 منٹ پرکراچی سے راولپنڈی کیلئے روانہ ہوگی، دوسری عید سپیشل29 جولائی دن 11 بج کر 45 منٹ پر کراچی سےراولپنڈی کیلئے روانہ گی،تیسری عید سپیشل 30 جولائی شام 6 بجےکے بعد کراچی سے لاہور کیلئے جبکہ چوتھی عید سپیشل30جولائی کو شام 4 بجے راولپنڈی سے ملتان کیلئے روانہ ہو گی۔
راولپنڈی سے ملتان کے لیے اسپیشل عید ٹرین کی آج ہفتہ 25 جولائی سے ایڈوانس بکنگ بھی شروع کر دی جائے گی جبکہ 27 جولائی سے 31 جولائی تک 5دن تمام ریل کاروں کے ساتھ ایک ایک اضافی کوچ لگائی جائے گی۔ راولپنڈی سے کراچی جانے والی گرین لائن ایکسپریس کے لئے 27 جولائی سے 30 جولائی تک روزانہ ایک اکانومی کلاس کوچ لگائی جائے گی، 3 اسپیشل عید ٹرینیں27، 28 اور 29 جولائی سے کراچی سے راولپنڈی اور پشاور کے لئے چلیں گی۔
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے سید منور شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ اس بار ہمارا فوکس زیادہ اکانومی کلاس ہے، ہم ہر کوچ کی 60 فیصد سیٹوں کی بکنگ کر رہے ہیں۔ سوشل ڈسٹنس ایس او پی کے تحت 40 فیصد سیٹیں خالی رکھی جا رہی ہیں، تیز گام، سرسید، پاکستان، عوام ایکسپریس میں بھی ایک ایک اکانومی کوچ اضافی لگائی جائے گی۔