(سٹی42)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف نیب تحقیقات جاری ہے، گزشتہ دنوں شہباز شریف خاندان کو رقوم کی منتقلی کی تفصیلات سامنے آئیں تھیں اب خاندان کی امیر شخصیت بھی منظر عام پر آگئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں منی لانڈنگ کے کیس میں نیب دستاویزات کے مطابق شریف فیملی کو بیرون ملک سے ترسیلات کی مد میں 1 ارب 59 کروڑ 30 لاکھ روپے منتقل ہوئے، سلمان شہباز کو 124 ٹرانزیکشن کے ذریعے1 ارب 17 کروڑ 90لاکھ کی رقم منتقل ہوئی۔ سلمان شہباز کو منتقل ہونے والی رقم ڈالرزاور درہم پر مشتمل تھی، دستاویزات کے مطابق حمزہ شہباز کو18 کروڑ 16 لاکھ 11 ہزار87 روپے منتقل ہوئے، حمزہ شہبازکو رقوم 2005 سے2012 کے دوران امریکن ڈالرز میں منتقل ہوئیں۔
نیب نے انکوئری کرتے شہباز شریف فیملی کے امیر فرد کے اثاثوں کی تفصیلات حاصل کرلیں، سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز خاندان کے امیر ترین فرد ہیں۔ سلمان شہباز فیملی کی 16 کمپنیوں میں 2 ارب 56 لاکھ 22 ہزار 700 شیئرز کے مالک ہیں اور انہوں نے 8 کمپنیوں میں 51 کروڑ 15 لاکھ 97 ہزار 806 روپے کی سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے۔
نیب تحقیقات کے مطابق شہباز شریف کے صاحبزادے کے پاس چنیوٹ پاور میں ایک ارب 70 کروڑ 86 لاکھ 36 ہزار کے شیئرز ہیں جب کہ ان کے پاس چنیوٹ کی تحصیل بھوانہ میں کروڑوں روپے مالیت کی 209 کنازل زرعی اراضی بھی ہے۔
سلمان شہباز کے پاکستان میں ذاتی 10 جبکہ لندن میں 1 بنک اکائونٹ موجود ہے۔ پولٹری، شریف ڈیری، شریف پولٹری فارمز، شریف ملک پروڈکٹس،مدنی ٹریڈنگ، مدینہ کنسٹرکشن، رمضان شوگر مل، چینوپ پاور،کرسٹل پلاسٹک، حمزہ سپننگ، رمضان انرجی، اے جی انرجی میں بھی شئیر ہولڈر ہیں۔
قبل ازیں سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی گزشتہ دس سالوں کی آمدن اور ٹیکس کی تفصیلات منظر عام پر آئیں تھیں، شہباز شریف نے 10 سالہ زرعی آمدنی پردیا گیا ٹیکس ریکارڈ نیب میں جمع کرایاتھا، سابق وزیر اعلی نے دس سال کےدوران 8 کروڑ 1 لاکھ 1 ہزار 705 روپےکمائے، دستاویزات میں واضح کیا گیا کہ شہباز شریف نے10 سالوں میں1 کروڑ10 لاکھ 21 ہزار 89 روپےٹیکس دیا۔